بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ میں کورونا پابندیوں میں نرمی

کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے جس کے سلسلے میں نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سندھ حکومت نے صوبے بھر میں مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی، جس کا حکم نامہ بھی جاری کر دیا۔

حکم نامے کے مطابق کراچی میں اتوار کو مارکیٹیں بند رکھی جائیں گی، جبکہ ہفتے کے 6 روز مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 714 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 73 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 10 ہزار 923 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 7 فیصد ہو گئی۔

سندھ حکومت کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے ریسٹورینٹس میں انڈور ڈائننگ بھی کھول دی گئی ہے، انڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہو گی۔

صوبے میں انڈور شادی سمیت دیگر تقریبات کی بھی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم ان تقریبات میں 200 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی، جبکہ اوپن ایئر میں شادی سمیت دیگر تقریبات میں 400 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔

حکم نامے کے مطابق مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور دکانوں پر ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں وزٹ کریں گی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 22 کروڑ 66 لاکھ 79 ہزار 709 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 46 لاکھ 63 ہزار 197 ہو گئیں۔

سندھ حکومت کے حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبے میں ورک فرام ہوم کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، اب دفاتر میں 100 فیصد عملہ کام کر سکے گا۔

حکم نامے میں سندھ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد اور ٹرینوں میں 70 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہو گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.