سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد پہنچ گئیں۔
نون لیگی نائب صدر مریم نواز کا مظفر آباد پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
اس سے قبل مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا تھا کہ مریم نواز جب مظفر آباد کے لیے روانہ ہوئیں تو ان کا مری کے مختلف مقامات پر پھولوں سے استقبال کیا گیا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے آج مظفر آباد میں یکجہتیٔ کشمیر جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
جلسے سے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، پی ڈی ایم اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن خطاب کریں گے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگر قائدین بھی اس جلسے سے خطاب کریں گے۔
یوم یکجہتیٔ کشمیر کے حوالے سے کوہالہ پل پر منعقدہ تقریب میں مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی شرکت بھی متوقع ہے۔
Comments are closed.