بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کورونا: NCOC کا سندھ حکومت کی مدد کا فیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے تیزی بڑھتے ہوئے کیسز کنٹرول کرنے کے لیے سندھ حکومت کی مدد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرِ صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 537 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 86 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 489 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 79 فیصد ہو گئی۔

اجلاس میں کراچی میں کورونا وائرس کی بگڑتی صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

‏این سی او سی کے اجلاس میں کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر اظہارِ تشویش کیا گیا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کا پھیلاؤ جاری ہے، جس کی وجہ سے طبی ماہرین نے 2 ہفتے کے لاک ڈاؤن اور انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی کی تجویز دی ہے۔

اجلاس میں کراچی میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر ممکن مدد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

این سی او سی کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ سندھ کے اسپتالوں میں انتہائی نگہداشت وارڈز، آکسیجن اور وینٹی لیٹرز بیڈ بڑھائے جائیں گے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تیزی سے پھیلتی کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے نمٹنے کے لیے کینیڈا کی طرف سے پاکستان کو موبائل وینٹیلیٹرز فراہم کیئے گئے ہیں۔

این سی او سی کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے سیکیورٹی اہلکار تعینات کیئے جائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.