کراچی کے مختلف 26 سے زائد مقامات پر گزشتہ روز ہونے والی بارش کا پانی اب تک جمع ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
انکل سریا چوک تا تبت سینٹر اور وہاں سے ریگل چوک جانے والی سڑک پر پانی جمع ہے، جیل روڈ سے شہیدِ ملت جانے والے روڈ پر جمع پانی کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
مہران ہوٹل سے کینٹ اسٹیشن جانے والی سڑک پر پانی جمع ہے، بلوچ کالونی سے ٹیپو سلطان جانے والی سڑک پر پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
ڈینسو ہال سے ٹاور، نیپا سے اردو یونی ورسٹی جانے والی سڑک، پی آئی ڈی سی سے سلطان آباد جانے والے روڈ، سعید منزل سے عیدگاہ جانے والی سڑک پر بارش کا پانی جمع ہے۔
قیوم آباد کی سڑکوں پر، صدر دوا خانے سے ایمپریس مارکیٹ جانے والی سڑک پر، سندھی مسلم سوسائٹی کے کٹ سے طارق روڈ تک، سیمنز چورنگی کی سڑک پر، کالا پل پر، سائٹ تھانے جانے والی سڑک پر، جناح اسپتال کے مرکزی گیٹ پر پانی جمع ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
شاہراہ فیصل پر ایف ٹی سی سے عائشہ باوانی اسکول تک اور صدر کی جانب جانے والی سڑک پر گزشتہ روز کی بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
دوسری جانب اردو بازار میں واقع گورنمنٹ فضل الرحمٰن اسکول کے مرکزی دروازے پر بارش کا پانی جمع ہے، اسکول کو ثانوی تعلیمی بورڈ نے امتحانی مرکز بھی بنایا تھا۔
اسکول کے دروازے پر پانی جمع ہونے کے باعث طالبات کو امتحانی مرکز جانے میں پریشانی کا سامنا رہا۔
امتحانی مرکز میں والدین کے لیے بیٹھنے کے لیے انتظامات بھی نہیں تھے، جس کی وجہ سے طالبات کے والدین کو امتحانی مرکز کے باہر کیچڑ کے ساتھ فٹ پاتھ پر بیٹھنا پڑا۔
Comments are closed.