پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پنجاب کا مالی سال 22-2021ء کا بجٹ منظور ہونے پر صوبے کے عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سربراہی میں معاشی ٹیم نے انتھک محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت نے پنجاب کے عوام کے لیے بہترین بجٹ پیش کیا، پنجاب کا بجٹ غریب، مزدور، کسان، تاجر، صنعت کار سمیت ہر طبقے کے لوگوں کے لیے ریلیف پیکیج ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبرانِ اسمبلی اور ہمارے اتحادی بجٹ منظوری پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کا بجٹ وزیرِ اعظم عمران خان کے یکساں ترقی کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے، یہ بجٹ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کیا گیا۔
پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ تاریخی ترقیاتی پیکیج سے پنجاب بھر میں پائیدار ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
Comments are closed.