محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پیر سے کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے لیے 2 موبائل یونٹس کام کریں گے۔
محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹروسیم بیگ کے مطابق یہ موبائل ویکسینیشن یونٹس کوئٹہ کے علاقوں باچاخان چوک اور عالمو چوک پر موجود رہیں گے۔
ڈاکٹر وسیم بیگ نے اپیل کی ہے کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے لیے موبائل یونٹس پر تشریف لائیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بلوچستان میں 22 ہزار 528 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 237 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے ملک میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں تیزی آنے لگی۔
کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 31 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 414 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 113 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 5 ہزار 193 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 70 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 29 ہزار 933 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 45 ہزار 275 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 18 لاکھ 82 ہزار 141 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 89 ہزار 661 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 448 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 7 لاکھ 22 ہزار 202 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.