بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پنجاب کے 25 اضلاع میں سرکاری و نجی کالج تاحکم ثانی بند

کورونا کی تیسری خطرناک لہر اور کورونا کیسز کی شرح بڑھنے پر پنجاب کے پچیس اضلاع کے تمام سرکاری و نجی کالجز تاحکم ثانی بند کردیئے گئے۔

دوسری طرف بہاول پور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جن اضلاع میں کورونا کیسز کی زیادہ شرح ہے وہاں تمام کالجز بند کئے گئے ہیں۔

ان اضلاع میں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، بہاولپور، شیخوپورہ، فیصل آباد، حافظ آباد، خوشاب، لودھراں، منڈی بہاؤالدین، پاکپتن، ساہیوال، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان، جھنگ، اوکاڑہ، خانیوال، ڈی جی خان، قصور، بہاولنگر، چکوال اور بھکر شامل ہیں۔

دوسری طرف راجن پور میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ضلع کے 14 سرکاری اور 21 نجی اسکولوں کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ مظفرگڑھ میں محکمہ صحت نے ضلعی انتظامیہ کو بستی چوکی گبول میں تمام اسکول بند کرنے کی تجویز دیدی۔

ادھر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر بہاول پور میں 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 45 دکانیں سیل کردی گئیں۔

ادھر راجن پور میں 30 سے زائد دکانوں کو سیل کرکے جرمانا عائد کردیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.