بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی کے مسائل کا حل مسلم لیگ ن کے پاس ہے: مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل مسلم لیگ ن کے پاس ہے، ماضی میں ن لیگ نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ن لیگ بلدیہ کے عوام کے مسائل کو جانتی ہے۔

مریم نواز نے کراچی کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد پریس کانفرنس کی۔

ان کا کہنا تھا کہ  آج کراچی جانا تھا اور این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے مہم میں شامل ہونا تھا، گزشتہ چند دنوں میں کورونا وائرس میں بہت تیزی آئی ہے، عوام کی زندگی اور صحت کے تحفظ کی خاطر نوازشریف اور شہبازشریف سے مشاورت کے بعد کراچی کا دورہ منسوخ کیا۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ این اے 249 کے مسائل سے آگاہ ہیں، وہاں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، مفتاح اسمٰعیل اگر پانی کی فراہمی کا وعدہ کررہے ہیں تو ضرور پورا کریں گے،  مفتاح اسمٰعیل محنتی اور اعلیٰ تعلیم یافتہ آدمی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف یہ الیکشن جیت چکے تھے چند سو ووٹوں کی دھاندلی کرکے ہرایا گیا، دھاندلی کے ذریعے جن کو مسلط کیا گیا ان کی کارکردگی عوام نے دیکھ لی۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کورونا کی صورتحال کے پیشِ نظر اپنا دورۂ کراچی منسوخ کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ این اے 249 کے حوالے سے مسائل پر نواز شریف سے بھی مشاورت ہوتی رہتی ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ این اے 249 کے عوام اپنے دوست کو پہچانیں، این اے 249 کا دل آج بھی نواز شریف اور شہبازشریف کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ دھاندلی والوں نے 249 کے عوام کا کبھی حال نہیں پوچھا، مجھے کراچی کی ترقی سے متعلق بات کرنی ہے لیکن مجھے کسی پر کیچڑ نہیں اچھالنا۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم آج بھی کھڑی ہے، رمضان کے بعد نئی حکمت عملی کا فیصلہ ہوگا، عوام میں حکومت مخالف جذبات ابھر رہے ہیں پی ڈی ایم تحریک سے حکومت لرزتی رہی، پی ڈی ایم عوامی توقعات کے مطابق فیصلے کرے گی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ شہبازشریف آج بھی نواز شریف اور جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں، شہبازشریف اگر تھوڑی بھی آمادگی ظاہر کرتے تو آج وزیر اعظم ہوتے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف ،مریم نواز اور حمزہ متحد ہیں اور رہیں گے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیشِ نظر اپنا دورۂ کراچی منسوخ کردیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.