سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ یہ تعلیم دشمن ہیں ہمارے ہر اعلان کو روکنے کی ذمہ دارسندھ حکومت ہے، یہ خود کچھ نہیں کرتے نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے سندھ اسمبلی میں مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ، بلال غفار اور ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل بھی موجود تھے۔
حلیم عادل شیخ نے کہاکہ مشیر کی نوکری جھوٹ بولنے پر منحصر ہے، یونیورسٹیز کو گورنر کے ماتحت سے ہٹا کر اب وزیراعلیٰ کے ماتحت کیا گیا، اب تو وائس چانسلر بھی رشوت لیتے پکڑے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کی سمری وزیراعلیٰ کے پاس پڑی ہے، وزیر اعلیٰ ہر دوسرے روز نیب کورٹ میں موجود ہوتے ہیں، سندھ میں کرمنل گورننس ہے، ڈاکٹر بغیر ٹیسٹ کے بھرتی کئے ہیں، سندھ پبلک سروس کمیشن میں اقربا پروری ہو رہی ہے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے سابق وزیرتعلیم نے کہاکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی میری لاش سے گزر کر بنے گی۔
نوازشریف نےہماری درخواست پر حیدرآباد یونیورسٹی منصوبہ کیلئے فنڈز مختص کیے،حیدرآباد کے حق پرست اراکین نے پانچ سال پہلے یونیورسٹی کی قرارداد پاس کروائی ہے، حیدرآباد یونیورسٹی پرصوبائی حکومت کا ایک روپیہ بھی نہیں لگنا ہے،ہم اٹھارویں ترمیم میں سندھ کے بہتر مفاد میں پیپلزپارٹی کے ساتھ تھے۔
کنورنوید جمیل نے کہا کہ یحیٰ خان کراچی کوعلیحدہ صوبہ بناکر دے رہے تھے، ہمارے بزرگوں نے سندھ میں شامل رہنے کی حمایت کی۔
Comments are closed.