بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
ملک بھر میں ووٹنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپوزیشن کے بائیکاٹ کے سبب وزیرِ اعظم حسینہ واجد کی جیت کا امکان ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے 2 روزہ ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے اور عوام سے ووٹ نہ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق الیکشن سے پہلے پُر تشدد واقعات کے دوران ڈھاکا میں 5 اسکولوں اور 4 پولنگ بوتھس کو آگ لگا دی گئی جبکہ جمعے کو مسافر ٹرین میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
پولیس نے واقعے کا ذمے دار اپوزیشن کو قرار دے کر 7 ارکان گرفتار کر لیے تھے جبکہ اپوزیشن نے الزامات مسترد کر دیے تھے۔
علاوہ ازیں بنگلادیش کی وزیرِ اعظم حسینہ واجد نے بنگلا دیش نیشنل پارٹی کو دہشت گرد تنظیم بھی قرار دے دیا ہے۔
حسینہ واجد کا کہنا ہے کہ انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی جماعت دہشت گرد تنظیم ہے، بنگلا دیش میں جمہوریت برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
Comments are closed.