جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

بلے کے علاوہ کوئی نشان ملا تو لینگے،بائیکاٹ نہیں کرینگے: چیئرمین پی ٹی آئی

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو بطور جماعت مائنس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا لیکن جاری نہیں ہوا۔

ان کا کہناہے کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے پی ٹی آئی کو پیچھے دھکیلا جا رہا ہے، ایک وکیل ن لیگ سے جائے تو ٹھیک، پی ٹی آئی سے جائے تو گرفتار ہوتا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدلیہ اپنا کردار ادا کرے تو مسائل کا حل ممکن ہے، عدالت کو اب اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو اب اس معاملے میں مداخلت کرنا ہو گی، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی ان معاملات کا نوٹس لیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پلان بی اور سی ہمارے پاس ہے جس سے پارلیمان تک جائیں گے، اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پارٹی کا نشان نہ دیا تو مخصوص نشستوں سے مسائل پیدا ہوں گے، سپریم کورٹ نے نان پارٹی بیسڈ الیکشن سے روکا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا ہے کہ الیکشن کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے، امید ہے کہ عدالتِ عظمیٰ شفاف انتخابات کروائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.