مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الحمد لِلّٰہ ن لیگ نے ایک اور جمہوری و انتخابی سنگِ میل کامیابی سے عبور کر لیا۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 2 دسمبر 2023ء سے شروع ہونے والے پارلیمانی بورڈ کے انٹرویوز کا سلسلہ آج مکمل ہو گیا، ملک بھر سے مسلم لیگ ن کے 2300 امیدواروں کے انٹرویوز ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی زیرِ صدارت پارلیمانی بورڈ نے جمہوری مشق کو انجام دیا، 184 گھنٹے پر محیط عمل میں مرد و خواتین امیدواروں کو بڑی تسلی سے سنا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ انتخابی امیدواروں کی سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا، مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو مشاورت کے اتنے بڑے، وسیع اور جامع عمل سے گزری۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اِن شاء اللّٰہ پارلیمانی بورڈ جلد اپنے حتمی فیصلوں کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
Comments are closed.