جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا پہلا سیشن ختم

پرتھ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا پہلا سیشن ختم ہوگیا۔ آسٹریلیا نے 7 وکٹ پر 476 رنز بنا لیے ہیں۔

آسٹریلوی بیٹر مچل مارش 90 اور پیٹ کمنز 9 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

آج آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگ 5 وکٹ پر 346 رنز سے دوبارہ شروع کی۔

پہلے دن کے اختتام پر ناٹ آؤٹ رہنے والے آسٹریلوی بیٹر مچل مارش نے15 اور الیکس کیری نے 14 رنز سے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کا اسکور 411 رنز تک پہنچایا جس کے بعد ایلکس کیری 34 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ 104.5 اوورز میں 449 رنز پر گری جب مچل اسٹارک کو عامر جمال نے 12 رنز پر بولڈ کیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا اختتام آسٹریلیا نے 5 وکٹ پر 346 رنز کے ساتھ کیا تھا۔

جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگ کا آغاز کیا تھا۔

دونوں بیٹرز نے پہلی ہی وکٹ پر ٹیم کو 126 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر دی جس کے بعد آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 29.4 اوورز میں 126 رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے عثمان خواجہ کو 41 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔

فاسٹ بولر فہیم اشرف نے دوسری وکٹ 37.1 اوورز میں 159 رنز پر حاصل کی، مارنس لبوشین 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ گرنے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران انہوں نے 125 گیندوں پر 1 چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی 26 ویں سنچری اسکور کی۔

آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 56.3 اوورز میں 238 رنز پر گری جب خرم شہزاد نے اسٹیو اسمتھ کو 31 رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 72.1 اوورز میں 304 رنز پر گری جب عامر جمال نے ٹریوس ہیڈ کو 40 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

قومی ٹیم نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ کچھ ہی دیر بعد 74.5 اوورز میں 321 رنز پر حاصل کر لی جب عامر جمال نے ڈیوڈ وارنر کو 164 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

آسٹریلوی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، کپتان پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

اسی طرح قومی ٹیم نے چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.