مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کاکہنا ہے کہ نوٹس دینے کا فیصلہ پی ڈی ایم کا تھا کسی ایک جماعت کا نہیں، نوٹس کے ردعمل پرکیا طے کرنا ہے یہ مولانا فضل الرحمن کی دانشمندی اورقیادت پر چھوڑتے ہیں، بلاول بھٹو کے خط کا جواب مولانا دیں گے، پی ڈی ایم میں بیٹھ کر فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہاکہ جب تک جہانگیر ترین کا نمک کھا رہے تھے، جہاز استعمال کر رہے تھے، اس وقت تک جہانگیر ترین شوگر مافیا نہیں تھے، اب اچانک کیسے شوگر مافیا یاد آگیا، جہانگیر ترین سے سبق سیکھیں، میں جہانگیرترین کے آپس کے معاملات پر کچھ نہیں کہنا چاہتی۔
مریم نواز نے کہا کہ نون لیگ کی فتح ڈسکہ کی فتح نہیں، بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے،مسلم لیگ نون نے ریاستی مشینری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے، فروری میں یہ دھاندلی کرکے بھی نہیں جیت سکے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو دبانے اور ختم کرنے کی کوشش کی گئی، جسے کہتے تھے سیاست ختم ہوگئی اس نے لندن میں بیٹھ کر ہرا دیا، جس دن ان کی حکومت نہیں رہی یہ کیمپئن کرنے کے بھی قابل نہیں رہیں گے۔
مریم نواز نے کہاکہ یہ سپریم کورٹ گئے کہ ہمیں عوام کی شکست سے بچاؤ، یہ میدان میں آئے تو عوام کے ووٹوں نے الٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کر دیا،عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹوں کے ذریعے دھول چٹائی، میں قدرت کے کھیل کو دیکھتی ہوں۔
نون لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو توڑنے کیلئے پانچ سال لگا کر سرتوڑ کوشش کی گئی، نواز شریف ، مریم نواز اور رانا ثناء اللہ کی کردار کشی کرتے تھے، رانا ثناء اللہ پر جھوٹا مقدمہ بنایا، مگر مسلم لیگ نون عوامی قوت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑی ہے۔
مریم نواز ناکہنا تھا کہ حکومتی اراکین ٹی وی پر حکومت کے خلاف بات کر رہے ہیں، حکومت کے اراکین دوسرے ٹھکانے ڈھونڈ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہپی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنے کاز پر کاربند ہیں، پی ڈی ایم کےوسیع تر مقاصد میں عوام کے حق حکمرانی، حقیقی تبدیلی لانے اور عوام کو ریلیف دلانے کا کاز شامل ہے
پی ڈی ایم کی جدوجہد پاکستان کی سمت درست کرنے کا کاز ہے، اس میں شامل جماعتیں متحد ہیں۔
مریم نواز کاکہنا تھا کہ مولانافضل الرحمٰن کی طبیعت ناساز تھی، اللّٰہ انہیں جلدصحت یاب کرے، میرا ان سے رابطہ بھی ہے، وہ بڑی حکمت اور دانشمندی سے پی ڈی ایم کی قیادت کرتے آئے ہیں، وہ خود اس معاملے کو دیکھیں گے۔
رہنما نون لیگ کاکہنا تھا کہ الیکشن جب بھی ہوں اس جعلی حکومت کو ایسی مار پڑے گی کہ دنیا دیکھے گی، لوگوں کو نصیحت ملے گی نہ ووٹ چوری کرنا ہے اور نہ چوری ہونے دینا ہے، جب بھی الیکشن ہوں، کل، پرسوں، چھ ماہ بعد یا دو سال بعد ہوں، ان شاء اللہ جعلی حکومت عبرت کانشان بننے جا رہی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ کراچی جارہی ہوں این اے 249 کی عوام کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ نون لیگ کو کامیاب بنائیں، مسلم لیگ نون کو ووٹ دیں تاکہ آپ کی زندگی بہتر بناسکیں، کراچی کی عوام کا بھی حق ہے کہ ان کے پاس اچھی سڑکیں ہوں، گورننس ہو اور امن ہو۔
نائب صدر نون لیگ نے کہاکہ کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا جائے اور ترقی دی جائے، یہ پورے پاکستان کا بزنس حب ہے، این اے 249 کی عوام اس بار باہر نکلیں، اپنی ترقی اور مفتاح اسماعیل کے حق میں فیصلہ دیں۔
Comments are closed.