لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
جسٹس شہرام سرور چوہدری آج درخواست پر سماعت کریں گے۔
درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین کی جانب سے اہلیہ کی نظر بندی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خدیجہ شاہ کو قانون کے منافی نظر بند کیا گیا ہے۔
درخواست میں لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت خدیجہ شاہ کو لاہور کی حدود سے باہر لے کر جانے سے روکنے کا حکم دے۔
خیال رہے کہ 17 نومبر کو ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے رہنما پی ٹی آئی خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن میں خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
خدیجہ شاہ کو ایس پی کینٹ اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی سفارش پر نظر بند کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خدیجہ شاہ 9 مئی کو پُرتشدد کارروائیوں میں شریک رہیں، وہ دوبارہ امن و امان کی صورتِ حال خراب کر سکتی ہیں۔
Comments are closed.