بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جہانگیر ترین کی پارٹی کیلئے بڑی خدمات ہیں، علیم خان کا اعتراف

سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہےکہ جہانگیر ترین کا جہاز اُن کے پاس اور میرا جہاز میرے پاس ہے، جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کے لیے بڑی خدمات ہیں۔

لاہور میں فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں علیم خان نے کہا کہ میں بھی احتساب کے عمل سے گزرا ہوں مگر میں نے کسی سے کوئی شکوہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے وزیر اعظم کی ہدایت پر ساڑھے 5 ارب روپے سے سستے رمضان بازاروں کی منظوری دےدی، رمضان بازاروں میں چینی 65 روپے کلو ملے گی۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کی جدوجہد میں ساتھ دیا، اس میں کوئی دو رائے نہیں، کوئی شخص کابینہ میں بیٹھا ہو یا باہر، احتساب سب کا ہوگا۔

علیم خان نے یہ بھی کہا کہ میں خود بھی احتساب کے عمل سے گزرا ہوں، میں خود سو دن جیل میں رہا، میں نے نہیں کہا کہ مجھے کیوں نکالا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ترازو سب کے لیے ایک ہو تو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، پارٹی کے لیے ہر شخص اور کارکن اہم ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے دوران پریس کانفرنس کہا کہ گندم کی قیمت میں ریکارڈ 400 روپے کا اضافہ کیا ہے، گندم کے کاشتکاروں کو اس سال ریکارڈ منافع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہم نے آٹے کی قیمتوں کو نہیں بڑھنے دیا، چینی کی فی کلو قیمت آج ہی 100روپے سے کم کرکے 85روپے کلو پر لے آئے ہیں۔

علیم خان نے کہا کہ پنجاب میں پورا سال 860 روپے آٹا کا تھیلا فروخت ہوتا رہا، سندھ میں آٹا کا تھیلا 1200 سے 1300 سو روپے میں فروخت ہوتا رہا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی اور پنجاب میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 400 روپے کا فرق تھا، آٹے اور چینی کی طرح گھی کی قیمت کو بھی کنٹرول کرنا چاہ رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سے درخواست ہے عوام کو رمضان میں خصوصی پیکیج دے، وزیراعظم کی سب سے زیادہ توجہ مہنگائی کے خاتمے پر ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ زراعت اور کسان ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، آٹے اور چینی کی سرکاری قیمت میں کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

علیم خان نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری قیمت پر آٹا اور چینی نہ ملے تو شکایات درج کرائیں، کراچی، پشاور، لاہور ہر جگہ آٹے کی ایک ہی قیمت ہونی چاہیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.