پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام لانا ہوگا، معاشی اور سیاسی استحکام ایک دوسرے سے جڑا ہے، تاجر کی دکان چلے گی تو پاکستان چلے گا۔
لاہور میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ معیشت مستحکم ہوگی تو ترقی اور خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست بچانے کیلئے سیاست قربان کردی، 16 ماہ میں ریاست کو بچایا، سیاست کی پروا نہیں کی، اگر ریاست نہ بچتی تو سب کی سیاست دفن ہوجانی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن نواز شریف کی حکومت کو دوسری مرتبہ مارشل لا کے ذریعے ختم کیا گیا، 28 مئی کو پاکستان ایٹمی طاقت بنا تھا، واجپائی نے مینار پاکستان پر کہا تھا کہ پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بیس، بیس گھنٹے کے اندھیرے ختم کیے، سی پیک آیا اور 30 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی، آپ نے دیکھا پورے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے منصوبے تیزی سے مکمل ہوتے رہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی ترقی کا سفر ختم کیا گیا تو ملک میں اندھیرے اور تباہی ہوئی، مخلوط حکومت میں ریاست بچائی، سیاست کی پروانہ نہیں کی، ہمیں گر آتا تھا کہ ریاست برباد ہونے دیتے اور سیاست بچا لیتے، ایسا نہیں کیا، ہرچیز قربان کرنے کے لیے تیار تھے، پاکستان پر آنچ نہیں آنے دی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہر روز دھرنوں کی دھمکیاں، نہ جانے کیا کیا زبان استعمال کی گئی، معاشرے میں تقسیم در تقسیم کردی گئی، ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنا ہے تو تقسیم ختم کرنا ہوگی، نواز شریف کے دور میں خوشحالی ہوتی تھی یا گالم گلوچ ہوتا تھا؟ پچھلے چار سالوں میں نوجوانوں کو گالم گلوچ سکھائی گئی، ہم نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہے، کلاشنکوف نہیں لیپ ٹاپ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوشحالی، معاشی انصاف، غربت کا خاتمہ چاہتے ہیں تو نواز شریف کا والہانہ استقبال کرنا ہوگا، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کا سفر شروع کرے گا۔
Comments are closed.