بدھ 5؍صفر المظفر 1445ھ23؍اگست 2023ء

چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں وکلاء کی ملاقات کرانے کی استدعا منظور، تحریری حکمنامہ

توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی سزا کے خلاف اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں وکلاء کی ملاقات کرانے کی استدعا بھی منظور کر لی گئی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جیل اتھارٹیز بابر اعوان اور لطیف کھوسہ کو اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دیں، بابر اعوان کو آج ایک سے 3 بجے تک سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ لطیف کھوسہ کی چیئرمین پی ٹی آئی سے 2 بجے ملاقات کرائی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ سزا معطلی درخواست پر دلائل کے لیے الیکشن کمیشن کے وکیل نے 2 ہفتوں کی مہلت طلب کی، اپیل کنندہ کے وکلاء نے تیاری کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دینے کی سختی سے مخالفت کی، انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کے وکیل کو وقت دیا جاتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پر سماعت 24 اگست کو ہو گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.