بدھ 24؍ذیقعد 1444ھ14؍جون 2023ء

طوفان بپرجوائے: تیز بارشوں کے دوران موبائل نیٹ ورک متاثر ہوسکتا ہے، حکّام

طوفان بپرجوائے کے پیشِ نظرحکّام نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے دوران موبائل نیٹ ورک متاثر ہوسکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان 15 جون یعنی جمعرات کی دوپہر کے قریب کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان 150 کلومیٹر کی رینج میں ٹکرائے گا، کیٹی بندر کو خالی کروالیا گیا ہے جہاں طوفان کل ٹکرائے گا۔

محکمۂ صحت سندھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’بارش کے دوران موبائل نیٹ ورک بند ہونے کا خطرہ ہے‘۔

صوبے میں 60 سے 100 ملی میٹر بارش متوقع ہے، اس لیے تمام طبّی سہولیات اور ڈاکٹروں کو الرٹ کردیا ہے اور لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

حکّام کا یہ بھی کہنا ہے کہ’نکاسی آب کے نظام کی خراب صورتحال کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک جام ہو سکتا ہے اور بارش کے پانی کی وجہ سے سڑکوں کے بلاک ہونے کا خدشہ بھی ہے‘۔

حکّام نے مزید کہا کہ لوگ کھمبوں اور بجلی کے تاروں کے قریب جانے سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں 1092 پر مدد کے لیے کال کر سکتے ہیں۔

جنوبی علاقوں کی ساحلی پٹی کے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے اور جو لوگ سمندر میں موجود ہیں اُنہیں بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔

دوسری جانب، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا بھی یہی کہنا ہے کہ جنوبی اور جنوب مشرقی حصّوں کے جو علاقے طوفان سے متاثر ہوسکتے ہیں وہاں کے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا کہ طوفان کا ابھرتا ہوا اثر صورتحال میں مزید پیش رفت ہونے کے بعد ہی یقینی ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.