کراچی کے علاقے احسن آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، سچل پولیس نے جمالی پل پر مقابلے کے بعد ڈاکو ہلاک کردیا، مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے بعد پولیس نے 7 زخمی ملزمان سمیت 10 کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق احسن آباد، بنگالی موڑ پر فائرنگ سے 60 سالہ ریاض جاں بحق ہوگیا، مقتول ریاض نارتھ ناظم آباد کا رہائشی تھا۔
مقتول احسن آباد میں اپنے بھائی کے گھر آرہا تھا، ریاض واقعہ کے وقت ہائی روف گاڑی میں اکیلا تھا، نامعلوم ملزمان نے احسن آباد، بنگالی موڑ کے قریب مقتول پر فائرنگ کی۔
گولی مقتول کی ٹانگ میں لگی اور وہ زخمی حالت میں بھائی کے گھر آیا، گھر سے ریاض کو زخمی حالت میں ایمبولینس میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن اسپتال میں ریاض دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی نوعیت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
پولیس کے مطابق جمالی پل پر مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم شدید زخمی حالت گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا، زخمی ملزم اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گیا۔
ادھر عزیز آباد بلاک 2 میں 6 ڈاکوؤں کا پولیس کے ساتھ مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
زخمی ڈاکوؤں کی شناخت وقار، عیسیٰ اور مشتاق کے نام سے ہوئی جبکہ ملزمان کے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔
فرار ہونے والے ملزمان کا کریم آباد پر گلبرگ پولیس کے ساتھ مقابلہ ہوا، زخمی حالت میں 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، جبکہ ایک فرار ہوگیا، ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا اللّٰہ والا ٹاؤن میں پولیس اور ڈکیت گینگ میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 2 زخمی ملزمان سمیت 5 کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، 3 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔
ادھر گھگھر پھاٹک کے قریب نالے سے خاتون کی 3 روز پرانی لاش ملی ہے، خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا۔
علاوہ ازیں پی آئی بی کالونی میں اندھی گولی لگنے سے محمد ناصر نامی شخص زخمی ہوگیا، جبکہ لانڈھی قائد آباد اور کورنگی ڈیڑھ نمبر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
Comments are closed.