اتوار 14؍ذیقعد 1444ھ4؍جون 2023ء

عیدالاضحٰی کی آمد، مویشیوں میں کانگو اور لمپی وائرس پھیلنے کا خدشہ

محکمۂ لائیو اسٹاک خیبر پختون خوا نے عیدالاضحٰی کی آمد کے پیشِ نظر مویشیوں میں کانگو اور لمپی اسکن وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمۂ لائیو اسٹاک نے تمام اضلاع کو مراسلہ بھیج دیا اور کہا ہے کہ مویشیوں کی منتقلی سے بڑے پیمانے پر وباء پھیلنے کے امکانات ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ کانگو اور لمپی وائرس کی روک تھام کے لیے سفارشات پر سختی سے عمل کیا جائے اور قبائلی اضلاع میں چیک پوسٹوں کو مویشیوں کے لیے اضافی اسپرے فراہم کیا جائے۔

محکمۂ لائیو اسٹاک نے مراسلے میں کہا ہے کہ شمالی وزیرستان اور تمام سب ڈویژنز میں چیک پوسٹوں پر عملہ تعینات کیا جائے کیونکہ مویشیوں سے پھیلنے والی بیماریاں صحتِ عامہ کے لیے بھی خطرہ ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ لائیواسٹاک عالم زیب خان نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک لمپی اسکن وائرس کی 83 ہزار ویکیسن ڈوزز خریدی گئی ہیں، مزید ویکسین خریدنے کے لیے محکمۂ خزانہ سے فنڈز مانگے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ گزشتہ سال خیبر پختون خوا میں لمپی اسکن وائرس سے 7 ہزار مویشی مر گئے تھے جبکہ 1 لاکھ 8 ہزار مویشی متاثر ہوئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.