عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران جہاں فیس ماسک پہننا، با ربار 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھونا اور سماجی فاصلہ رکھنا ’نیو نارمل‘ بن گیا ہے وہیں گرم موسم کے دوران ماسک پہننے کے سبب بیشتر افراد میں جِلدی امراض جیسے کہ ایکنی، کیل مہاسوں کی شکایت بھی سامنے آئی ہے جس سے چھٹکارہ حاصل کرنا لازمی ہے۔
عالمی وبا کے دوران طبی ماہرین کی جانب سے مسلسل ماسک پہننے پر زور دیا جا رہا ہے جبکہ ایکنی کا شکار جِلد رکھنے والے افراد کے لیے یہ ایک طرف کورونا سے بچاؤ کا سبب اور دوسری طرف چہرے پر دانے بننے کا سبب بن رہا ہے جو کہ ایک پریشانی کی بات ہے۔
ماہرین جِلدی امراض کے مطابق صحت برقرار رکھنے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہننا بھی نہایت لازمی ہے مگر اس دوران اگر ماسک پہننے کے سبب چہرے کے متعدد حصوں مثلاً گال، تھوڑی اور ناک پر تازہ ہوا نہ لگنے اور مسام بند ہونے کے سبب ایکنی اور گرمی دانوں کی شکایت ہو رہی ہے تو چند مفید مشوروں پر عمل کر کے ان سے بچا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سماجی فاصلہ رکھنا نہایت لازمی ہے مگر گھر سے باہر اس دوران بھی ماسک کا استعمال لازمی کریں، جب کہیں اکیلے ہوں یا گھر میں ہوں تو اس وقت اپنے چہرے کو تازہ ہوا لگنے دیں اور ماسک کا استعمال نہ کریں۔
ایکنی اور کیل مہاسوں کا براہ راست تعلق جِلد کی صفائی اور مساموں کی صحت سے ہے، اپنے چہرے کی جِلد کو ہر وقت صاف ر کھنے کی کوشش کریں۔
چہرہ دھونے کے لیے کسی اچھے، کم کیمیکل والے معیاری فیس واش کا انتخاب کریں۔
چہرے کی جِلد صحت مند رکھنے کے لیے دن میں 7 منٹ کے لیے کلینزنگ اور ہفتے میں کم از کم 2 بار اسکرب ضرور کریں۔
ماسک پہنتے ہوئے میک اپ نہ کریں ورنہ گرم سانس کے سبب مسام کُھل جائیں گے اور اُن میں میک اپ کے ذرّات جانے کے سبب ایکنی بننا شروع ہو جائے گی۔
ماسک پہنتے ہوئے اور گھر سے باہر نکلنے سے قبل ایلوویرا جیل لگا کر چہرہ سکھا لیں اور اب ماسک پہن کر باہر جائیں، ایلوویرا ایک بہترین ٹانک اور سن بلاک ہے۔
دن میں متعدد بار چہرہ دھوئیں اور چہرے کی جلد کو تولیے یا کپڑے کی مدد سے سکھانے سے گریز کریں۔
چہرہ اور مسام تروتازہ اور صاف رکھنے کے لیے عرق گلاب کا اسپرے کرتے رہیں۔
ماہرین جِلد کے مطابق ماسک کا کپڑا بہت زیادہ موٹا اور ریشمی نہ ہو ورنہ یہ الرجی کرسکتا ہے۔
اگر ڈسپوزبل ماسک کا استعمال کر رہے ہیں تو روزانہ ماسک نیا پہنیں اور پرانا ضائع کر دیں اور اگر کپڑے کا ماسک پہن رہے ہیں تو اسے روزانہ کی بنیاد پر دھوئیں، سینیٹائز کریں اور اچھی طرح سے سکھا کر پھر استعمال کریں۔
Comments are closed.