اتوار30؍شوال المکرم 1444ھ21؍مئی 2023ء

پی آئی اے حج آپریشن کا آغاز، پہلی پرواز کراچی سے مدینہ روانہ

پاکستان میں انٹرنیشنل کے تحت حج آپریشن کا آغاز آج اتوار کو علی الصبح کراچی سے ہوگیا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 328 عازمین کو لے کر علی الصبح مدینہ کیلئے روانہ ہوئی۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے امان اللّٰہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے حکام نے عازمین کو رخصت کیا۔

عازمین حج کو رخصت کرنے کیلئے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں حجاج سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔

عازمین حج کی پاکستان سے سعودی عرب روانگی کی تیاریاں مکمل ہوگئیں

حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریباً 700 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔

اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 9:15 بجے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کے لیے پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔ 

قبل از حج آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔ 

ترجمان کے مطابق پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد سکھر اور رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔ 

سی ای او پی آئی اے نے تمام ڈپارٹمنٹس اور پاکستان اور سعودی عرب میں تعینات حج ٹیموں کو عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.