جمعہ 28؍شوال المکرم 1444ھ19؍مئی 2023ء

انٹر میلان 13 سال بعد چیمپئنز لیگ فٹ بال کے فائنل میں پہنچ گیا

انٹر میلان نے 13 برس بعد چیمپئنز لیگ فٹ بال کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، سیمی فائنل کے دوسرے لیگ میں اے سی میلان کو ایک صفر سے ہرادیا، فاتح ٹیم تین صفر کی مجموعی برتری کے ساتھ لیگ کے فیصلہ کن معرکے میں پہنچنے میں کامیاب رہی۔

میلان کے سین سرو اسٹیڈیم میں انٹر میلان نے اے سی میلان کے خلاف سیمی فائنل کا دوسرا لیگ دو صفر کی برتری سے شروع کیا، ابتدائی منٹوں میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے کیے مگر کامیابی کسی کو نہ مل سکی۔

اے سی میلان کا پلہ نسبتاً بھاری رہا لیکن پہلا ہاف بغیر گول کے ختم ہوا، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کے گول پر حملہ آور ہوئے مگر اُن کی یہ کوششیں بے سود رہیں۔

کھیل کے 74ویں منٹ میں انٹر میلان نے موو بنایا جس پر لوکاکو نے مارٹینز کو پاس دیا جنہوں نے گیند کو جال میں پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔

میچ ایک صفر سے انٹر میلان کی جیت پر ختم ہوا جس نے سیمی فائنل کے دونوں لیگ میں تین صفر کی برتری کے ساتھ چیمپئنز لیگ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

ریال میڈرڈ اور مانچسٹر سٹی کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کا دوسرا لیگ آج کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم فیصلہ کن معرکے میں انٹر میلان کے خلاف 10 جون کو مدمقابل آئے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.