اتوار 23؍شوال المکرم 1444ھ14؍مئی 2023ء

پی ڈی ایم سے احتجاج ریڈ زون سے باہر کرنے کی درخواست کی ہے، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سربراہ مولانا فضل الرحمان سے احتجاج ریڈ زون سے باہر کرنے کی درخواست کی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندیشہ ہے یہ پی ڈی ایم احتجاج ریڈ زون یا شاہراہ دستور پر ہوتا ہے تو اسے کنٹرول کرنا کافی مشکل ہوگا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ لوگ بڑی تعداد میں احتجاج میں آنا چاہتے ہیں، لوگوں کو غم و غصہ ہے، جس طرح چیف جسٹس اور 3 رکنی بینچ فیصلے کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے درخواست کی ہے وہ اپنا احتجاج ریڈ زون سے باہر کریں، فضل الرحمان نے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے، ان سے 10 بجے دوبارہ ملاقات ہوگی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ملک میں جو دہشت گردی ہوئی ہے، وہ منصوبہ بندی سے کروائی گئی ہے، دہشت گردوں نے شہدا کی یادگاروں کو آگ لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جلاؤ گھیراؤ کی کارروائیوں کےلیے باقاعدہ اہداف دیے گئے تھے، لوگوں کو باقاعدہ پیٹرول بم بنانے کی تربیت دی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.