شوہر کی موت کے غم پر کتاب لکھنے والی خاتون پر اپنے ہی شوہر کے قتل کا الزام
امریکی ریاست یوٹاہ کی ایک خاتون، جنھوں نے اپنے شوہر کی اچانک موت کے بعد ملنے والے دکھ اور غم اور اس سے نمٹنے سے متعلق ایک کتاب شائع کی تھی، پر اپنے ہی شوہر کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تین بچوں کی والدہ کوری رچنز نے مارچ 2022 میں ایک رات دیر گئے پولیس کو فون کر کے آگاہ کیا تھا کہ اُن کے شوہر ایرک رچنز ’بالکل ٹھنڈے پڑ‘ چکے ہیں (یعنی ان میں زندگی کی رمق باقی نہیں)۔
انھوں نے حکام کو بتایا کہ انھوں (بیوی) نے اُس رات اپنے شوہر کو ایک مشروب کا گلاس بنا کر دیا جسے انھوں نے نوش کیا مگر چند گھنٹوں بعد وہ انھیں بے ہوشی کی حالت میں ملے۔
ان کا معائنہ کرنے والے ایک ڈاکٹر نے بعد میں بتایا کہ ایرک کی موت ’فینٹینیل‘ (ہیروئن سے 50 گنا تیز دوا جس کا بطور نشہ بھی استعمال کیا جاتا ہے) کی زیادہ مقدار سے ہوئی ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق دسمبر 2021 اور فروری 2022 کے درمیان، خاتون نے ایک ایسے شخص کو ٹیکسٹ کیا تھا جسے پہلے منشیات کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ خاتون نے اس شخص سے کمر کی تکلیف کے لیے دوا کا نسخہ مانگا تھا۔
’مائیکل جیکسن جو لیتے تھے وہ چاہیے‘
عدالتی دستاویزات کے مطابق کوری رچنز کو پہلے ہائیڈروکوڈون گولیاں ملیں مگر انھوں نے یہ کہتے ہوئے زیادہ اثر آور دوا کی فرمائش کی کہ ’مائیکل جیکسن (معروف امریکی گلوکار) جو لیتے تھے وہ چاہیے۔۔۔‘ یعنی انھوں نے خاص طور پر فینٹینیل کا پوچھا۔
مبینہ طور پر منشیات حاصل کرنے کے تین دن بعد انھوں نے اپنے شوہر کے ساتھ ویلنٹائن ڈے ڈنر کیا، جس کے بعد وہ بیمار ہو گئے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ’ایرک کا خیال تھا کہ اُن کو زہر دیا گیا ہے۔‘ ایرک نے ایک دوست کو بتایا کہ ’انھیں لگتا ہے کہ اُن کی بیوی نے انھیں زہر دینے کی کوشش کر رہی ہے۔‘
عدالتی دستاویزات کے مطابق دو ہفتے بعد کوری رچنز نے مزید فینٹینیل حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیے
استغاثہ نے الزام لگایا کہ 4 مارچ کو کوری رچنز نے آدھی رات کو پولیس کو فون کیا کہ اس کے شوہر بالکل ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔
کوری رچنز نے حکام کو بتایا کہ اس نے اپنے شوہر کو ایک مکس ووڈکا گلاس ’ماسکو میول‘ دیا اور پھر اپنے چھوٹے بچے کے ساتھ سو گئیں جو رات کو ڈرتا تھا۔ بعد میں وہ اپنے شوہر کے پاس کمرے میں واپس آئیں اور انھیں ’چھونے پر ٹھنڈا پایا۔‘
یہ الزامات رچنز کی تصویری کتاب ’کیا آپ میرے ساتھ ہیں؟‘ لکھنے کے دو ماہ بعد لگائے گئے ہیں۔ اس کتاب کا مقصد بچوں کو اپنے پیاروں کی موت سے نمٹنے میں مدد کرنا ہے۔
رچنز نے مقامی ریڈیو سٹیشن ’کے پی سی ڈبلیو‘ کو بتایا تھا کہ یہ کتاب ان کے اور ان کے تین بیٹوں کی زندگی میں آسودگی لانے کے لیے لکھی گئی ہے۔
گذشتہ مہینے دیے گئے انٹرویو میں رچنز نے بتایا کہ ’ہم نے یہ کتاب لکھی ہے اور ہم امید کر رہے ہیں کہ یہ ناصرف ہمارے خاندان کے لیے، بلکہ دوسرے خاندانوں کے لیے بھی کچھ اطمینان فراہم کرے گی جو اسی تکلیف سے گزر رہے ہیں۔‘
کوری رچنز نے کتاب اپنے شوہر ایرک رچنز کے نام کی ہے اور لکھا ہے ’میرے بہت اچھے شوہر اور ایک شاندار والد‘ کے نام۔
قتل کے الزام کے علاوہ رچنز کو جی ایچ بی (ایک نشہ آور دوا جو تفریحی طور پر استعمال ہوتی ہے اور بعض اوقات اسے ڈیٹ ریپ ڈرگ بھی کہا جاتا ہے) حاصل کرنے کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔
اس حوالے سے سماعت 19 مئی کو مقرر ہے۔
Comments are closed.