آٹھ سالہ لڑکا مشیگن کے جنگل میں برف کھا کر دو دن کیسے زندہ رہا؟

Michigan State Police

،تصویر کا ذریعہMichigan State Police

امریکی ریاست مشیگن کے دور دراز جنگلات میں گم ہونے والے آٹھ سالہ لڑکے نے زندہ رہنے کے لیے دو دن تک برف کھائی اور پناہ کے لیے ایک درخت کے نیچے چھپا رہا۔

نانتے نیمی سنیچر کو اس وقت لاپتہ ہو گیا جب وہ پورکیپائن ماؤنٹینز سٹیٹ پارک میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ کیمپنگ کر رہا تھا۔

وہ لکڑیاں جمع کرنے کے لیے چلتےچلتے راستہ بھول گیا تھا۔ اسے ڈھونڈنے کی کوششوں میں 150 افراد نے حصہ لیا۔

پیر کو وہ اپنے کیمپ سے تقریباً دو میل کے فاصلے پر درخت کے نیچے ’اچھی حالت‘ میں ملا۔

مشیگن سٹیٹ پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اس بہادر لڑکے نے ایک درخت کے نیچے پناہ لے رکھی تھی اور وہ بلاخر وہیں سے ملا۔‘

لڑکے نے پولیس کو بتایا کہ اس نے ’جسم میں پانی کی کمی پورا کرنے کے لیے صاف برف کھائی۔‘

یہ بھی پڑھیے

Getty Images

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سنیچر کو اس کی گمشدگی کا اعلان ہونے کے بعد اس کی والدہ نے لوگوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا لیکن سب سے درخواست کی کہ ’براہ کرم اس جگہ سے دور رہیں کیونکہ اس طرح اسے تلاش کرنا مشکل ہو جائے گا۔‘

ریاستی پولیس نے بتایا ہےکہ یہ پہاڑی علاقہ آبادی سے بہت دور ہے جس میں سال کے اس موسم میں بہت سا پانی کھڑا ہوتا ہے اور برفباری کے باعث کئی سڑکیں گزرنے کے قابل نہیں ہیں۔

پولیس کی ٹیم نے پارک میں تقریباً 40 مربع میل (100 مربع کلومیٹر) کے علاقے پر توجہ مرکوز کی اور بالآخر لڑکے کو تلاش کر لیا۔

پولیس کے مطابق نانتے نیمی اب اپنے خاندان کے ساتھ ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ