چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے، سرجانی ٹاؤن، حب، گڈاپ، بحریہ ٹاؤن اور گلشنِ حدید میں بارش ہو سکتی ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں اگلے دو تین روز کے دوران بارش کا امکان رہے گا، تاہم کپاس کی فصل کے لیے بہت زیادہ بارشیں نقصان دہ ہوتی ہیں۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں کل سے بارشوں کا خاص امکان نہیں، کراچی میں آنے والے دنوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی سے دور شمالی علاقوں میں گرج چمک کے بادل بننے کے زیادہ امکانات ہیں، جن کے باعث آج شام شہر کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں آج ہونے والی بارش ہلکی سے درمیانے درجے کی ہو سکتی ہے، بادلوں کی تشکیل دوپہر 2 بجے تک ہونے کے امکانات ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے موسم گرم اور مرطوب رہے گا، 7 سے 8 مئی کے بعد درجۂ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
اس سے قبل محکمۂ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں اس دوران زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
آج کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
کراچی میں شمال مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 7 سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 63 فیصد ہے۔
Comments are closed.