جمعہ 7؍شوال المکرم 1444ھ28؍اپریل 2023ء

قیامِ امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قیامِ امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی میں گریجویشن تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں دیگر سیاسی و عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گارڈ آف آنرز کا معائنہ بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے تمام کیڈٹس اور ان والدین کو دل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پاک فضائیہ دنیا بھر میں نمایاں ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ یقین ہے کہ مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں کے مطابق صلاحیتوں کامظاہرہ کرتی رہیں گی، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کو معاشی چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یقین دلاتا ہوں کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام ملکوں سےدو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام ناممکن ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے، اس نے اگست 2019ء سے کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ خطے میں امن کے لیے ہمسائیہ ملکوں کے ساتھ مل کر کوشش جاری رکھیں گے۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اکیڈمی سے 147 ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ، 93 ویں انجینئرنگ کورس کے کیڈٹس فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔

103ویں ایئر ڈیفنس، 24 ویں ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹی کورسز کے شرکاء بھی پاس آؤٹ ہوئے ہیں۔

ساتویں لاجسٹک اور 129 ویں کامبیٹ سپورٹ کورسز کے کیڈٹس بھی فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔

تقریب میں فخرِ پاکستان جے ایف 17 تھنڈر کے ہمراہ جے 10 لڑاکا طیارے فلائی پاسٹ کامظاہرہ کیا، جبکہ قراقرم 8 طیاروں پر مشتمل پاک فضائیہ کی شیردل ٹیم نے فضائی کرتب پیش کیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.