وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بزرگوں اور بیمار شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر آٹا فراہم کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بہاولپور میں مفت آٹے کی تقسیم کے مرکز کا دورہ کیا اور بزرگوں اور بیماروں کے لیے آٹے کے تھیلے ان کی سواری تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے ڈرنگ اسٹیڈیم اور عباسیہ ہائی اسکول میں قائم مفت آٹا مراکز کا دورہ کر کے شہریوں کو آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور اس موقع پر انہوں نے خواتین سے آٹے کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیرِ اعظم نے مفت آٹے کی فراہمی سے متعلق شہریوں کی شکایات بھی سنیں، جبکہ شہریوں کو مفت آٹے کی باآسانی فراہمی سے متعلق انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے بیمار خاتون کو آٹے کے 2 تھیلے فراہم کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ جو شہری ایک تھیلا آٹا لے چکے ان کو آئندہ 2 تھیلے دیے جائیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ 2 تھیلے آٹا فراہمی سے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو بار بار آنا نہیں پڑے گا۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ملتان میں اسپورٹس گراؤنڈ میں آٹا سیل پوائنٹ کا بھی دورہ کیا اور آٹا لینے والوں سے مشکلات پوچھیں۔
ملتان میں 4 روز قبل اسی مقام پر آٹا لینے والا بزرگ شہری دم توڑ گیا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے ہمیشہ صرف بیانات ہی دیے ہیں، قوم ان کی مایوس کن کارکردگی سے متعلق پوچھ رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے معاشی، سیاسی اور انتظامی چیلنجز عمران نیازی کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم لاہور، قصور اور سرگودھا میں مفت آٹے کی فراہمی کے مراکز کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔
Comments are closed.