کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جبکہ دن بھر شہر میں کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
صبح سویرے نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، بفر زون، عزیز آباد، بلدیہ، سرجانی ٹاؤن، کلفٹن، ڈیفنس، ایم اے جناح روڈ، صدر، جمشید کوارٹرز، سولجر بازار اور کھارادر سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔
دوسری جانب کراچی میں آئندہ 2 سے 3 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے اور شہر کے مغربی اور وسطی علاقوں میں زیادہ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زیرِ اثر آج دن بھر وقفے وقفے سے بادلوں کی تشکیل ہوتی رہے گی، بحیرۂ عرب سے مزید بادل شہر کی جانب آ رہے ہیں، بادلوں کا پھیلاؤ زیادہ ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سندھ میں کل سے بارش کا امکان کم ہو جائے گا، کل سسٹم پنجاب اور کے پی کی جانب بڑھ جائے گا۔
Comments are closed.