منگل 28؍شعبان المعظم 1444ھ21؍مارچ 2023ء

پیٹرول سبسڈی پر آئی ایم ایف کے تحفظات

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے غریب عوام کے لیے پیٹرول کی قیمت میں کمی کے حوالے سے عالمی مالیاتی ادارے نے اپنے تحفظات ظاہر کردیے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ غریب عوام کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے کم کیے جا رہے ہیں، جس پر آئی ایم ایف نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے کی نمائندہ ایسٹر پیریز نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پاکستان کی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں کمی سے متعلق اعلان کردہ اسکیم پر آئی ایم ایف سے کوئی مشورہ یا بات چیت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں مکمل تفصیلات چاہتے ہیں۔

آئی ایم ایف کی نمائندہ نے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹاف کو تمام تفصیلات چاہییں جن میں اسکیم کے شرائط و ضوابط، لاگت، ہدف، اس کے غلط استعمال سے متعلق حکومتی منصوبے سمیت دیگر اقدامات کی معلومات ہوں۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ امیر اور غریب لوگوں کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے کا فرق لایا جا رہا ہے اور اس اسکیم کو آئندہ 6 ہفتوں میں نافذ کردیا جائے گا۔

You might also like

Comments are closed.