جمعرات 23؍شعبان المعظم 1444ھ16؍مارچ 2023ء

آئی ایم ایف کی فنڈنگ کیلئے پاکستان کو ہی فیصلے کرنا ہونگے: نیڈ پرائس

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی فنڈنگ کی راہ کھولنے کے لیے بالآخر پاکستان کو ہی فیصلے کرنا ہوں گے۔

پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اصلاحات لانے سے پاکستانی کاروبار مزید مسابقتی ہو جائیں گے، اصلاحات سے پاکستان کو بہتر سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ مذہبی آزادی سے متعلق معلومات اپنے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی حاصل کرتے ہیں۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ ضروری اقتصادی فیصلوں سے پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے، عالمی برادری اور امریکا کی مدد سے پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر آ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے لیے عالمی مالیاتی اداروں اور آئی ایم ایف کے ساتھ کام کر رہا ہے، امریکا، اقتصادی، سیکیورٹی اور سیاسی چیلنجز پر پاکستان کا شراکت دار بننے کو تیار ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کےشراکت دارہیں، مستحکم، پُرامن اور خوش حال پاکستان چاہتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کومعاشی مشکلات سمیت زبردست مشکلات کا سامنا ہے، لاہور میں جھڑپوں سے آگاہ ہیں، سب کو تحمل کی ترغیب دیتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.