مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر اور جی ڈی اے کے چیف کوآرڈینیٹر سید صدر الدین شاہ راشدی کا کہنا ہے کہ سندھ میں حکومت کی 15 سالہ کرپشن، اقرباء پروری اور نااہل حکمرانی کی وجہ سے عوام شدید غربت، لاچاری اور بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کارکنان کو سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے مہنگائی مارچ کو ہر شہر اور گاؤں میں شاندار استقبال کرنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ 7 مارچ کو حیدرآباد میں مہنگائی کے خلاف پیدل لانگ مارچ کے شرکاء کا تاریخی استقبال کرنے کیلئے کارکنان بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔
ایک بیان میں صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ پاکستان جمہوریت، انصاف اور عوامی مساوات کی خاطر بنا تھا اور اس کو بچانے کیلئے بھی ہمارا یہی نصب العین ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں میں نہ صرف گھروں بلکہ مال مویشی اور دیگر املاک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے لیکن حکومت کی طرف سے سیلاب زدگان کو کوئی سہولت نہیں دی گئی۔
رہنما فنکشنل لیگ نے کہا کہ اگر فلاحی ادارے سیلاب متاثرین کی آگے بڑھ کر امداد نہ کرتے تو وہ بھوک سے مر جاتے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کیلئے ملنے والی ملکی و غیر ملکی امداد حکمرانوں کے گھروں سے مل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب صورتحال یہ ہے کہ بدترین مہنگائی کی وجہ سے خاندان کے خاندان خودکشیاں کر رہے ہیں۔
صدر الدین راشدی نے کہا کہ حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ باپ اپنے جگر گوشوں کو ٹکڑے کرکے بعد میں خود بھی پھانسی کے پھندے پر جھول جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ اس عوام دشمن حکومت کو عوام جمہوری طاقت سے جلد گھر روانہ کرے۔
Comments are closed.