بدھ 8؍شعبان المعظم 1444ھ یکم؍مارچ 2023ء

عمران خان کو گرفتار کر کے 7 مارچ کو پیش کیا جائے: عدالت کا تفصیلی حکم جاری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ سے متعلق تفصیلی حکم جاری کر دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا تفصیلی حکم جاری کر دیا۔

تفصیلی حکم میں عدالت کا کہنا ہے کہ عمران خان توشہ خانہ کیس میں متعدد بار عدالتی پیشی پر غیر حاضر رہے، وہ آخری سماعت کے عدالتی اوقات کے اندرپیش نہیں ہوئے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ عمران خان کی درخواست کے مطابق وہ جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے باعث کچہری نہیں آ سکتے، صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ عمران خان عدالتی پیشیوں کو اپنی ترجیحات کے مطابق رکھ رہے ہیں۔

عمران خان بار بار بلانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

تفصیلی حکم میں عدالت نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس عمران خان کی ترجیحات میں شامل نہیں، حالانکہ وہ ضلعی کچہری سے چند منٹوں کی دوری پر تھے۔

عدالت نے تفصیلی حکم میں کہا ہے کہ عمران خان کی درخواست قابلِ قبول نہیں، مسترد کی جاتی ہے، اُن کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

تفصیلی حکم میں عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے 7 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے، ان کی 7 مارچ کو عدالتی حاضری یقینی بنائی جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.