وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے اٹلی میں کشتی الٹنے کے واقعے میں جاں بحق پاکستانیوں کے لواحقین سے رابطہ کرکے تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیبیا سے اٹلی جاتے ہوئے کشتی الٹنے کے واقعے میں جاں بحق پاکستانیوں کا تعلق گجرات سے ہے جو براستہ دبئی لیبیا پہنچے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق پاکستانیوں کے لواحقین سے رابطہ کرنے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، واقعے میں ملوث ایجنٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
ایجنٹس کی گرفتاری کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دےدی گئی ہیں۔
افسوسناک واقعے میں ملوث تمام سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
واضح رہے کہ اٹلی کے جنوبی ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی چٹان سے ٹکرانے کے حادثے میں اموات کی تعداد 59 ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 12 بچے بھی شامل ہیں، کشتی میں سوار 28 پاکستانی شہری بھی ڈوب کر جاں بحق ہوئے تھے۔
اطالوی حکام کے مطابق 81 افراد حادثے میں زندہ بچ پائے، جس میں سے 20 اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی میں سوار 20 سے 30 افراد اب بھی لاپتہ ہیں، اندازے کے مطابق کشتی میں 150 سے 200 تارکین وطن سوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ سے روانہ ہونے والی کشتی میں پاکستان، افغانستان، ایران سمیت دیگر ملکوں کے افراد سوار تھے۔
Comments are closed.