سابق وفاقی وزیر، درگاہ بھیرہ کے سجادہ نشین پیر امین الحسنات شاہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں عمران خان کی تقریر سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔
جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے پیر امین الحسنات شاہ نے کہا کہ ہم دینی لوگ ہیں، ہماری سیاست بھی دین کے طابع ہے، عمران خان اسلامی ریاست بنانے کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے بھی امریکا میں تاریخی خطاب کیا تھا، نواز شریف سے کوئی اختلاف نہیں، وہ اچھے دوست ہیں، دعا کریں کہ میرا نیا سیاسی سفر بہتر ثابت ہو۔
پیر امین الحسنات شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان جو کہتے ہیں اس پر عمل بھی ضرور کریں گے، ان کے منہ سے آج تک اسلام کے خلاف بات نہیں سنیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف نے جن محبتوں سے نوازا ہے میں ان کے لیے قدر دان رہوں گا۔
واضح رہے کہ پیر امین الحسنات شاہ نے پاکستان مسلم لیگ ن چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری نے پیر امین الحسنات شاہ کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا تھا۔
Comments are closed.