انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے ملزم کو 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو 28 جنوری تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بلال غفار، سعید آفریدی و دیگر پہلے ہی ضمانت حاصل کر چکے ہیں۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ بلدیاتی حکومت کے لیے حافظ نعیم سے رابطہ ہے، کل وہ ہمارے پاس آ رہے ہیں۔
علی زیدی کا کہنا ہے کہ ملاقات کے بعد معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی، اب پیپلز پارٹی زرداری مافیا ہے، ان سے کوئی بات نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں ڈی سی کیماڑی آفس میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ سائٹ اے تھانے میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی، بلال غفار، عطاء اللّٰہ، سعید آفریدی، داوا خان سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا تھا، جبکہ 150 سے 200 نامعلوم کارکنان کو بھی شامل کیا گیا تھا۔
Comments are closed.