سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبداللطیف آفریدی کے قتل کے خلاف کراچی بار کی جانب سے آج ضلعی عدالتوں میں بائیکاٹ کیا گیا ہے۔
وکلاء کے بائیکاٹ کے باعث سٹی کورٹ میں اہم کیسز کی سماعت متاثر ہوئی ہے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں عبداللطیف آفریدی کے قتل کی پُر زور مذمت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبداللطیف آفریدی کو پشاور ہائی کورٹ کے بار روم میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، انہیں 6 گولیاں لگی تھیں۔
بار روم میں فائر نگ سے بھگڈر مچ گئی اور خوف وہراس پھیل گیا۔
زخمی سینئر قانون دان کو وکلاء نے اٹھا کر گاڑی میں ڈالا اور اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلۂ قتل برآمد کر لیا گیا تھا۔
ملزم عدنان سینئر وکیل سمیع اللّٰہ کا بیٹا، سابق مقتول جج آفتاب خان آفریدی کا بھانجا اور سینئر جج ماجد آفریدی کا کزن ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعترافِ جرم کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے قتل کی وجہ ذاتی دشمنی بتائی ہے۔
عبداللطیف آفریدی کے قتل کے خلاف ملک بھر میں وکلاء تنظیموں نے احتجاج کیا اور آج ملک گیر ہڑتال کی ہے۔
Comments are closed.