الیکشن کمیشن آف پاکستان میں توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے دوران وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پیش نہ ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، دیگر رہنماؤں اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔
عمران خان کے علاوہ اسد عمر اور فواد چوہدری بھی آج الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے۔
معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیصل چوہدری اور دیگر وکلاء لطیف آفریدی کے جنازے میں گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن بلوچستان کے ممبر نے سوال کیا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کہاں ہیں؟
الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا کے ممبر نے کہا کہ ہائی کورٹ نے وارنٹ معطل کیے ہیں لیکن پیشی سے نہیں روکا، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی۔
الیکشن کمیشن سندھ کے ممبر نثار درانی نے کہا کہ آئندہ سماعت پر عدم پیشی کی صورت میں یک طرفہ کارروائی کر کے فیصلہ سنا دیں گے۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.