منگل24؍جمادی الثانی 1444ھ17؍جنوری2023ء

بڑی بیٹی کی شادی کے بعد شاہد آفریدی کا کونسا بیان وائرل ہو رہا ہے؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میں بیٹیوں کا باپ ہونے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔

شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی کی شادی کے بعد سابق کرکٹر کا بیٹیوں کے بارے میں دیا گیا ماضی کا ایک بیان دوبارہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

شاہد آفریدی سے گزشتہ برسوں کے دوران کئی انٹرویوز کے دوران یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا اُنہیں کبھی زندگی میں بیٹے کی کمی محسوس ہوئی؟

اس حوالے سے شاہد آفریدی کی ہمیشہ سے یہی رائے رہی ہے کہ وہ بیٹیوں کا باپ ہونے پر اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔

اُنہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میری بیٹیاں میری قسمت ہیں میں اپنی زندگی میں بیٹیوں کی وجہ سے ہی کامیاب ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ میری 5 بیٹیاں ہیں اور میں نے ہر بیٹی کی پیدائش پر اپنی قسمت بدلتے محسوس کی ہے۔

شاہد آفریدی نے تمام بیٹیوں کے والدین کو مشورہ دیا کہ آپ سب اپنی بیٹیوں کو اتنا قابل اور ہمت والا بنائیں کہ آپ کو زندگی میں کبھی بیٹے کی کمی محسوس نہ ہو۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں پٹھان فیملی سے تعلق رکھتا ہوں، پٹھانوں میں بیٹے کی پیدائش کی بہت زیادہ خواہش کی جاتی ہے لیکن میں اس بات پر اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے صحت مند اور صحیح سلامت اولاد دی اور اس سے بڑی انسان کے لیے اور کوئی نعمت نہیں ہوسکتی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.