چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 23 یا 24 جنوری کو سردی کی نئی لہر آ سکتی ہے۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا کہ سردی کی نئی لہر کے دوران کراچی میں درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سردی کی شدت میں آج سے کمی کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا ایک سسٹم کل صبح بلوچستان پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سسٹم کے تحت بلوچستان میں بارشیں اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے، سسٹم سندھ اور ملک کے شمالی حصے میں بھی بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ کراچی میں سردی کی شدت کم رہے گی، شہر میں 3 روز کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں پارہ آج بھی سنگل ڈیجٹ میں رہا، 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی کہا کہ شمال مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ہے۔
Comments are closed.