متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ 5 سے 7 فیصد رہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ضمنی الیکشن اور بلدیاتی انتخابات کے ماحول میں بہت فرق ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر کراچی کی 70 یونین کونسل کم کردی گئیں، 53 کی تعداد کو تو پیپلز پارٹی نے بھی تسلیم کیا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سے حلقہ بندیوں کے معاملے پر کئی بار مذاکرات ہوئے، سندھ حکومت نے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت چھوڑنے کا مسئلہ نہیں ہے، پاکستان کا مسئلہ ہے، اگر ہم حکومت سے باہر آجاتے تو ڈالر کا ریٹ کہاں جاتا۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ اس الیکشن کی کوئی وقعت نہیں، لوگوں نے اس الیکشن کو مسترد کردیا ہے، ہماری جدوجہد تو آج سے شروع ہو رہی ہے۔
Comments are closed.