مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو 30مارچ تک عبوری ضمانت مل گئی۔
میاں جاوید لطیف نےضمانت کیلئے سیشن عدالت میں درخواست دی تھی، عدالت نے پولیس کو جاوید لطیف کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے 50 پچاس ہزار روپےکے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پولیس سے جاوید لطیف سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلم پنجوتھا نے درخواست پرسماعت کی، جاوید لطیف نے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ میرے خلاف ایف آئی آر سیاسی بنیادوں پر درج کی گئی ہے، ایف آئی آر پر لگائی جانےوالی دفعات بے بنیاد ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ درخواست گزار ایک سیاسی شخصیت اور رکن اسمبلی ہے، ایف آئی آر میں لگائےجانے والے الزامات بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں، ایف آئی آر درج کرنے کا مقصد درخواست گزار کو بلیک میل کرنا اور دباؤ ڈالنا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ درخواست گزار کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل میاں جاوید لطیف کے خلاف ریاست سے بغاوت اور غداری اور سائبر کرائم ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ ٹاؤن شپ کے رہائشی جمیل سلیم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں 120،120 بی،153،153 اے،500 اور505 ون بی دفعات شامل ہیں۔
Comments are closed.