پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی 8 ماہ کی سفارتی کامیابیوں کا عمران خان کے 4 سال کی سفارتی تنہائی سے کوئی موازنہ نہیں، یہ ملک کو سفارتی دلدل میں ڈال کر گئے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ جس شخص کے دور حکومت میں پاکستان خارجہ تنہائی کا شکار ہوئی ہو وہ آج وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو خارجہ امور پر بھاشن دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پاکستان، افغانستان خارجی امور اور دہشت گردی متعلق بیان قابل مذمت ہے، بطور سابق وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان کی نہیں بلکہ کسی اور کی ترجمانی کر رہے ہیں۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو خطے کے سیکیورٹی معاملات اور تاریخ کا اتنا ہی علم ہے جتنا ان کو جرمنی اور جاپان کی جغرافیہ کا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی بہادر پولیس کی بھی دل آزاری کی ہے، ہماری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف صف اول میں کھڑے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس ہماری دفاع کی پہلی لائن ہے، افسوس ہے پولیس کی حوصلہ افزائی کے بجائے عمران خان ان کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں۔
Comments are closed.