بدھ 18؍جمادی الثانی 1444ھ11؍جنوری 2023ء

پاکستان کو بیرونی قرض کی ادائیگیوں کے شدید خطرات کا سامنا ہے: عالمی بینک

عالمی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مشکل معاشی حالات اور بیرونی قرض کی ادائیگیوں کے شدید خطرات کا سامنا ہے۔

ورلڈ بینک نے عالمی معاشی اثرات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ یوکرائن روس کی جنگ سمیت کئی وجوہات کے باعث عالمی معیشت کو سست روی کا سامنا ہے۔

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث موجودہ مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2 فیصد رہنے کا امکان ہے، حالیہ بد ترین سیلاب اور سیاسی بے یقینی پاکستان کے مشکل معاشی حالات کی بڑی وجوہات ہیں۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دسمبر میں 24 اعشاریہ 5 فیصد مہنگائی کی شرح 1970ء کی دہائی کے بعد بلند ترین ہے، پاکستان میں سیلاب کے باعث جی ڈی پی کو 4 اعشاریہ 8 فیصد مساوی نقصان پہنچا۔

عالمی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون سے دسمبر تک ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر 14 فیصد گر چکی ہے۔

ورلڈ بینک نے صحت، خوراک، رہائش اور نقد امداد کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کی۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ موسمیاتی شدت خوراک اور ضروری اشیاء کی سپلائی کو متاثر کر سکتی ہے، انفرااسٹرکچر اور زرعی پیداوار کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔

عالمی بینک کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس دوران کنٹری رسک پریمیئم میں 15 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 4 فیصد جی ڈی پی گروتھ کی پیش گوئی کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.