بدھ 18؍جمادی الثانی 1444ھ11؍جنوری 2023ء

کراچی میں کل سے سردی کی شدید لہر کا امکان

کراچی سمیت سندھ بھر میں کل سے 17 جنوری کے دوران سرد لہر اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیشنگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 12 جنوری سے 17 جنوری کے دوران کراچی سمیت صوبے بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

لاڑکانہ، کشمور، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، تھرپارکر میں درجۂ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، آئندہ دو روز کے دوران صوبے کے 13 اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

بینظر آباد، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، سانگھڑ میں درجۂ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان میں کم سے کم درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان کے شمالی حصے میں داخل ہوسکتا ہے، سسٹم کے زیر اثر بلوچستان، ملک کے شمالی حصوں پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے اور 14 جنوری سے ملک کے بیشتر حصے سردی کی شدید لہر اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

کراچی میں بھی 14 سے 17 جنوری کے دوران موسم سرد رہے گا، مضافاتی علاقے ملیر، سرجانی، گلشن معمار، بحریہ ٹاؤن میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.