وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں جنیوا کانفرنس میں اظہارِ ہمدردی سے متاثر ہوا، ہم اکٹھے تعمیرِ نو کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا نے کل دیکھا کہ مصیبت زدہ انسانیت کے لیے قومیں کس طرح اکٹھی ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں عالمی برادری نے شراکت داری کا بے مثال نمونہ پیش کیا، اجتماعی کوششوں سے زندگی اور امیدوں کو دوبارہ بحال کریں گے۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ کانفرنس کی کامیابی پر سربراہانِ مملکت، یورپی یونین، ترقیاتی شراکت داروں اور اقوامِ متحدہ کے شکر گزار ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی عوام اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے شاندار کردار پر ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔
واضح رہے کہ جنیوا کانفرنس میں اسلامی ترقیاتی بینک 3 سال میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالرز دے گا، عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالرز کا اعلان کیا ہے۔
یورپی یونین سیلاب متاثرین کو پچاس کروڑ یورو دے گی، یورپی یونین نے ملک میں ترقی اور روزگار کے لیے بھی 8 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے۔
یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالرز کی رقم دی جائے گی، چین 10 کروڑ ڈالرز، جرمنی 8 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز اور جاپان 7 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز امداد دے گا۔
Comments are closed.