سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے حج کے خواہش مند سعودی شہریوں کے لیے حج پیکیج کے اخراجات 3 اقساط میں ادا کرنے کی سہولت کا اعلان کر دیا۔
اس سہولت کے بعد سعودی عازمین حج پیکیج کے اخراجات ایک ساتھ پوری رقم کے ذریعے ادا کرنے کے بجائے 3 قسطوں میں دے سکیں گے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اس اسکیم کے تحت سعودی عازمینِ حج کو رجسٹریشن کی تاریخ کے 72 گھنٹوں کے اندر کُل اخراجات کا 20 فیصد ادا کرنا لازمی ہو گا جبکہ 40 فیصد کی دوسری قسط 7 رجب 1444ھ تک اور بقیہ 40 فیصد 10 شعبان 1444ھ تک ادا کرنی ہو گی۔
سعودی وزارتِ حج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہر ادائیگی کی الگ رسید دی جائے گی، ادائیگیاں مکمل ہونے پر حج اسٹیٹس کنفرم میں تبدیل ہو جائے گا۔
سعودی وزارتِ حج کے مطابق تینوں ادائیگیاں وقت پر مکمل نہ کی جانے کی صورت میں حج کے لیے بکنگ منسوخ کر دی جائے گی جبکہ ایک ساتھ مکمل ادائیگی کا آپشن بھی دستیاب ہو گا۔
سعودی نائب وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کا اس حوالے کہنا ہے کہ حج کی اقساط میں ادائیگی کی اسکیم کے لیے رجسٹریشن ایک مقررہ مدت تک کے لیے ہو گی اور حجاج کی تعداد پوری ہونے پر یہ رجسٹریشن روک دی جائے گی۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے مملکت کے اندر سے آنے والے عازمین کے لیے حج 1444ء کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے، جس کے لیے پیکیج 3 ہزار 984 ریال سے شروع ہو رہا ہے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کا یہ بھی کہنا ہے اس سال حج کے خواہش مند سعودی باشندے اور مملکت میں قیام پزیر افراد وزارت کی ویب سائٹ اور نسک ایپ کے ذریعے بھی اپنی درخواستیں جمع کر وا سکتے ہیں۔
Comments are closed.