وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ مونس الہٰی نے حکومت میں جانے سے پہلے چوہدری شجاعت کو اعتماد میں نہیں لیا تھا، مونس الہٰی جب چاہیں رابطہ کر سکتے ہیں، مجھے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سالک حسین نے کہا کہ پچھلی حکومت نے جاتے وقت سی پیک اتھارٹی ختم کر دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے واپسی کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جو فیصلے تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر کیے تھے، آج بھی اس پر اسٹینڈ کرتے ہیں، مقصد یہی ہے کہ سب مل کر ملک کیلئے کام کریں، کوئی ذاتی مقصد نہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہمیشہ اپوزیشن کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ حکومت کو گرایا جائے اور غیر مستحکم کیا جائے، اصل میں حکومت نہیں ملک غیر مستحکم ہو رہا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن کا انتظار کرنا چاہیے، جسے عوام مینڈیٹ دے وہ آئے اور حکومت بنائے، اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ سپورٹنگ کردار رکھنا چاہیے، ملک اور معیشت کی بات پر اپوزیشن کو حکومت کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
چوہدری سالک نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے سیٹ اپ نہیں، لوگوں کی نیتیں تبدیل ہو رہی ہیں، سیٹ اپ تبدیل نہ ہو تو بھی فرق نہیں پڑے گا۔
Comments are closed.